پی ٹی آئی نے علی امتیاز وڑائچ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کردیا
سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے حافظ فرحت کا استعفی منظور کرنے اور نئے پارلیمانی لیڈر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا
پاکستان تحریک انصاف نے حافظ فرحت کا استعفی منظور کر کے پنجاب اسمبلی میں علی امتیاز وڑائچ کو پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا اور بتایا کہ علی امتیاز وڑائچ پنجاب اسمبلی میں اب سے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔
رکن پنجاب اسمبلی علی امتیاز وڑائچ نے پارلیمانی لیڈر کا عہدہ دینے پر پارٹی قیادت کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ بہتر طریقے سے پارٹی کی دی گئی ذمہ داری انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل تحریک انصاف کے رکن اسمبلی حافظ فرحت نے ضمانت خارج ہونے پر پارلیمانی لیڈر سے استعفی دیا تھا۔