دریائے راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری

آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے

(فوٹو: فائل)

پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی میں جسر اور شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے گوجرانولہ، فیصل آباد، لاہور، ملتان اور ساہیوال ڈویژنز کے کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا۔


نارووال، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ، قصور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو الرٹ اور عوام الناس کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیمیں بھی ہائی الرٹ پر رہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں۔ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل اور ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
Load Next Story