فیفا ورلڈ کپ ہالینڈ کوسٹاریکا اور ارجنٹائن بیلجیئم کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ہالینڈ اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ کا فیصلہ پلینٹی کیکس پر ہوا جبکہ ارجنٹائن نے بیلجیئم کو 0-1 سے شکست دی


ویب ڈیسک July 06, 2014
ہالینڈ اور کوسٹاریکا کی جانب سے دونوں ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور بالاخر میچ کا فیصلہ فلینٹی ککس پر ہوا۔ فوٹو؛اے ایف پی

فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں ہالینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے دوران کوسٹاریکا کو پلینٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دیدی جبکہ ارجنٹائن نے بیلجئم کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

سیمی فائنل میں رسائی کے لئے ہالینڈ اور کوسٹاریکا کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا تاہم دونوں ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور بالاخر میچ کا فیصلہ پلینٹی ککس پر ہوا اور ہالینڈ نے 5 میں سے 4 گول کئے جبکہ کوسٹاریکا صرف 3 بار گیند کو جال کے اندر پہنچا سکی۔ دلچسپ مقابلے کے بعد ہالینڈ نے کوسٹاریکا کو 3-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

دوسری جانب برازیلیا میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور بیلجیئم کی ٹیمیں مد مقابل آئیں اور ابتدا میں ہی ارجنٹائن کے گونزالو ہیگوان نے 8ویں منٹ میں گول کرکے بیلجئم پر نفسیاتی برتری دلادی لیکن بیلجئم نے بھی ہمت نہ ہاری اور ارجنٹائن کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے جاری رکھے تاہم بیلجئم کے کھلاڑی مقابلہ برابر کرنے میں ناکام رہے۔

میچ کے دوسرے ہاف میں بھی بیلجئم نے گول کرکے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ارجنٹائن کے مضبوط دفاع نے بیلجئم کے کھلاڑیوں کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا اور بال کو زیادہ سے زیادہ اپنے پاس رکھا جس کے باعث میچ کے ابتدا میں کیا گیا گول فتح کن ثابت ہوا اور مقررہ وقت کے اختتام پر ارجنٹائن نے مقابلہ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں