کراچی گلستان جوہر میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک دوسرا شدید زخمی
زخمی ڈکیت 28 سالہ یوسف کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ترجمان ایسٹ پولیس
گلستان جوہر میں شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
ایدھی حکام کے مطابق گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، ہلاک ڈاکو کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔
زخمی ڈکیت 28 سالہ یوسف کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ترجمان ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جنہیں جناح اسپتال لیجایا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک و زخمی شخص ڈاکو بتائے جا رہے ہیں جو لوٹنے کی نیت سے آئے تھے جس پر شہری نے مزاحمت کی جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم واقعہ کی مختلف زاویوں سے چھان بین کی جارہی ہے۔