فلم زیرو کی ناکامی کے بعد اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا شاہ رخ خان

ناکامی نے میرے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا تھا، اداکار


ویب ڈیسک August 16, 2024
شاہ رخ خان تین دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کررہے ہیں : فوٹو : فائل

3 دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی فلم 'زیرو' کی ناکامی کے بعد عارضی طور پر اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سال 2018 کی اپنی فلاپ فلم 'زیرہ' کی ناکامی کے بارے میں کُھل کر بات کی۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ فلم 'زیرو' کی ناکامی نے میرے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا تھا، میں نے اس ناکامی کے بعد کچھ عرصے کے لیے فلموں سے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا تھا اور یہ وقفہ تقریباََ 5 سال کا رہا یعنی میں نے سال 2023 میں فلم 'پٹھان' کے ذریعے دوبارہ فلمی دُنیا میں واپسی کی۔

میگا اسٹار نے کہا کہ دسمبر 2018 میں فلم 'زیرو' فلاپ ہوئی اور اس کے بعد جنوری 2019 میں مجھے نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنا تھا لیکن ایک دن میں صبح اُٹھا اور میں نے فلم کے پروڈیوسر کو فون کرکے کہا کہ میں اس فلم کی شوٹنگ نہیں کرنا چاہتا، میں ایک سال تک کوئی کام نہیں کروں گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی ہدایتکار نے مجھے بدصورت کہا، شاہ رخ خان کا انکشاف

اُنہوں نے کہا کہ اس فلم کا نام 'سارے جہاں سے اچھا' تھا اور یہ خلا میں جانے والے پہلے بھارتی راکیش شرما کی زندگی پر مبنی تھی لیکن میں نے آخری وقت میں فلم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

کنگ خان نے کہا کہ میرا انکار سُننے پر پروڈیوسر نے کہا کہ اگر آپ کو فلم نہیں پسند تو آپ اس میں کام کرنے سے انکار کردو لیکن اداکاری نہیں چھوڑو۔

شاہ رخ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال بعد مجھے اُسی پروڈیوسر کی فون کال آئی اور اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ آپ نے ایک سال اداکاری کے بغیر گزار دیا۔

مزید پڑھیں: کیا شاہ رخ خان جلد ہالی وڈ فلم کرنے جارہے ہیں؟ اداکار نے سب بتادیا

واضح رہے کہ 5 سال کے وقفے کے بعد شاہ رخ خان نے سال 2023 میں اپنی بلاک بسٹر فلم 'پٹھان' کے ذریعے بالی ووڈ میں واپسی کی تھی۔

سال 2023 میں ہی پٹھان کے بعد، شاہ رخ خان کی فلم 'جوان' اور 'ڈنکی' بھی ریلیز ہوئی تھی، کنگ خان کی تینوں فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں