آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

دریائے چناب، راوی اور ندی نالوں سے ملحقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں


ویب ڈیسک August 16, 2024
فوٹو فائل

پنجاب کے دریاؤں میں آئند 24 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور قادرآباد میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے ڈھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دریائے راوی میں جسر اور شاہدرہ کے مقام سے 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزرے گا جبکہ نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب اور پلکو میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ڈی جی عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ دریائے چناب، راوی اور ندی نالوں سے ملحقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو ممکنہ خطرے بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں؛ دریائے راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری

ڈی جی پی ڈی ایم نے ہدایات دی ہیں کہ دریاؤں کے پاٹ میں مقیم شہریوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے اور عوام الناس سے التماس ہے کہ دریاؤں و ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ حکومت پنجاب فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے، شہریوں سے گزارش ہے آپ نے اپنی جانوں و املاک کو خطرے میں ہرگز نہیں ڈالنا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام دریاؤں، بیراجز، ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔