فوجی تنصیبات پر حملے کرنے و کروانے والے ایک ہی گینگ کے پارٹنر ہیں عظمیٰ بخاری

اب کچھ بھی پوشیدہ نہیں رہا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے، وزیر اطلاعات

(فوٹو : فائل)

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے اور کروانے والے ایک ہی گینگ کے پارٹنر ہیں جبکہ گینگ آہستہ آہستہ ایکسپوز ہو رہا ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اب کچھ بھی پوشیدہ نہیں رہا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے اور اس کے سہولت کار کون تھے، بانی پی ٹی آئی کے اب نقاب اترنا شروع ہوگئے ہیں، محسن کشوں اور احسان فراموشوں کی ہر ریس میں بانی پی ٹی آئی اول نمبر پر آئے ہیں۔


صوبائی وزیر نے کہا کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے اور پاکستان کے عوام پاک فوج کے سپہ سالار کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، باقی بھی جن جگہوں پر نو مئی کے ماسٹر مائنڈ کے سہولت کار ہیں ان اداروں کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا پڑے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب تک 9 مئی کے ایک ایک کردار اور سہولت کار کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، پاکستان کے عوام اس بات کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں کہ شہداء کا تمسخر اڑانے والے کب کٹہرے میں لائے جاتے۔ شہداء کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں سوا سال بعد بھی ہمارے نظام عدل کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
Load Next Story