ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کے ساتھ ایک سے زائد افراد کے داخلے پر پابندی عائد

فیصلہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا،ترجمان سول ایوی ایشن

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق فیصلہ غیر معینہ مدت کیلئے کیا گیا ہے،فوٹو:فائل

سول ایوی ایشن کی جانب سے ایئرپورٹ پر ایک سے زائد شخص کی آمد پر لگائی گئی پابندی کا اطلاق آج سے ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر حملے کےبعد سول ایوی ایشن کی جانب سے ایئرپورٹس پر مسافروں کو لینے یا رخصت کرنے کیلئے صرف ایک سے زائد افراد کے آنے پر پابندی عائد کی تھی جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان عابد قائم خانی کا کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی کی حکمت عملی میں تبدیلی لائی گئی ہے جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔


ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اور سکیورٹی فورسز کے کام میں آسانی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے جس کےتحت ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال یا انہیں الوداع کہنے کیلئے صرف ایک ہی شخص ایئرپورٹ آسکتا ہے اس کے علاوہ آنے والے افراد کو ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق فیصلہ غیر معینہ مدت کیلئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 8 جون کو دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
Load Next Story