کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت کے معاملے پر مرحوم کی بیٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف 3 کروڑ روپے سے زائد ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
لانڈھی کے علاقے مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت کے معاملے پر مرحوم شہری گلزار کی بیٹی نے سٹی کورٹ میں کے الیکٹرک کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ درخواست گزار کے مطابق کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث والد کا کرنٹ لگنے سے انتقال ہوا۔
وکیل کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہری گلزار لانڈھی مانسہرہ کالونی کا رہائشی تھا اور ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا۔ گلزار 20 جولائی کو مجید کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ سڑک پر جمع پانی میں بجلی کے گرے ہوئے تار سے کرنٹ لگا تھا۔ واقعے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریسکیو اداروں نے بڑی مشکل سے گلزار کی لاش کو وہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا تھا۔ بجلی کی فراہمی اور انفرا اسٹرکچر کی مرمت کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے۔ کے الیکٹرک کی نااہلی کے باعث 6 بچوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل جان سے گیا۔
مرحوم کی بیٹی کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت 3 کروڑ 92 ہزار روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق کے الیکٹرک کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست بھی دی ہے۔ پولیس واقعے کا مقدمہ درج نہیں کررہی۔