پنجاب میں مینڈیٹ چور ٹولے کے منصوبے ناکام ہو گئے بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں نااہل اور مینڈیٹ چور ٹولے کے منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔
پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں طلبہ کا ای بائیک لینے سے انکار اس کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ 8 ہزار میں سے 6 ہزار طلبہ نے بائیک لینے سے انکار کردیا ہے۔ پنجاب کی مینڈیٹ چور جعلی سرکار کی موٹر سائیکل اسکیم کالجز میں فلاپ ہونے لگی ہے۔عوامی مفاد کے منصوبے شروع کرنا مینڈیٹ چور سرکار کے بس کی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ایک لاکھ 30 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم دے رہے ہیں اور وہ بہت جلد تعلیم کارڈ پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے۔ صوبے میں صحت کارڈ پر مفت علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ نوجوانوں کے لیے احساس روزگار ، احساس ہنر ، احساس نوجوان روزگار پروگرامز کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب میں فارم 47 جعلی سرکار خیبر پختونخوا جیسے منصوبے شروع کر نے میں تاحال ناکام ہے۔ شریف خاندان کے منصوبے کمیشن سے شروع اور کمیشن پر ختم ہوتے ہیں۔ شریف خاندان صرف وہ منصوبے شروع کرتے ہیں جس میں ان کے کاروبار کو فائدہ ہو۔