14 سالہ سوتیلی بیٹی کیساتھ ایک سال سے زیادتی کرنے والا بدبخت گرفتار

بچی علشبا کسی کے گھر کام کرتی ہے، واپسی سے انکار پر والدہ نے اصرار کیا تو وجہ بتا دی، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

بدبخت باپ کسی کو بتانے کی صورت میں بچی اور اس کی والدہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا، پولیس

لاہوراپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی کے ساتھ ایک سال سے زیادتی کرنے والا بدبخت شخص گرفتار کرلیا گیا۔



جنسی ہوس کا شکار سوتیلا باپ رشتوں کا تقدس ہی بھول گیا۔ ایک سال سے اپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی علشبا کے ساتھ زیادتی کرتا رہا۔ پولیس کے مطابق بچی علشبا ہنجروال کے علاقے میں کسی کے گھر میں کام کرتی ہے اور وہیں رہتی ہے۔


پولیس کے مطابق بچی جب بھی اپنے گھر جاتی تو سوتیلا والد موقع پاتے ہی زیادتی کا نشانہ بناتا اور کسی کو بتانے کی صورت میں بچی اور اس کی والدہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا۔ حال ہی میں والدہ اپنی بیٹی علشبا کو کام والے گھر سے اپنے گھر لے جانے پہنچی تو بچی نے انکار کر دیا، والدہ کے اصرار کرنے اور وجہ پوچھنے پر بچی نے زیادتی کے متعلق بتایا۔


پولیس نے والدہ کی درخواست پر ملزم شاہد کیخلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کرکے اسے جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خان کے مطابق بچوں اور خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Load Next Story