پاکستان رمضان نے گمشدہ بچی کو ماں سے ملا دیا ماں بیٹی گلے لگ کر رو پڑیں

عامر لیاقت نے ماں کو ذاتی خرچ پربذریعہ ہوائی جہاز کوئٹہ سے کراچی بلاکر بیٹی سے ملایا،رقت آمیزمناظر


Staff Reporter July 06, 2014
عامر لیاقت نے ماں کو ذاتی خرچ پربذریعہ ہوائی جہاز کوئٹہ سے کراچی بلاکر بیٹی سے ملایا،رقت آمیزمناظر

ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان''کی انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین عام رجحان کے برعکس ایسے مہمانوں کومدعوکررہے ہیں۔

جومعاشرے کااہم حصہ ہونے کے باوجودعدم توجہی کاشکارہیں، اس حوالے سے رمضان المبارک کے پہلے روز انھوں نے سیکڑوں مہمانوں کے علاوہ بطورخاص ان گمشدہ بچوں کومدعوکیا تھاجو کئی برس قبل اپنے والدین سے بچھڑ گئے تھے۔گمشدہ بچوں کو مدعو کرنے کا مقصد انھیں ان کے والدین سے ملانا ہے۔نشریات کے دوسرے روز ہی ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کو اس نیک مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی اور اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والی 9سالہ صائمہ اپنے والدسے ملنے میں کامیاب ہوگئی۔

گمشدہ بچوں کو والدین سے ملنے کی ڈاکٹر عامر لیاقت کی ایک اور کوشش اس وقت رنگ لے آئی جب کوئٹہ کی رہائشی خاتون نے ٹی وی اسکرین پر اپنی لخت جگر کو پہچان لیا اور ایکسپریس کے توسط سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے رابطہ کیا۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایدھی سینٹر میں مقیم حسینہ نامی گمشدہ بچی کو ماں سے ملانے کے لیے ذاتی خرچ پر اس کی ماں کو کوئٹہ سے کراچی بلایا اور پاکستان رمضان نشریات میں اسے بچی سے ملا دیا۔ماں کو اپنے سامنے دیکھ کر بچی نے بے پناہ خوشی اور مسرت کا اظہار کیااور ایک برس بعد ماں سے بیٹی کے گلے لگنے کے رقت انگیز منظر نے میزبان سمیت تمام حاضرین کو آبدیدہ کردیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے اس موقع پر بچی کو پچیس ہزار روپے اور دیگر تحائف دیے اور معاشرے کی بے مثال فلاحی خدمت پر مولانا عبدالستارایدھی ،بیگم بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

خاص وعام میںمقبول رمضان نشریات کے چھٹے روز ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے گھرگھرجاکر صفائی ستھرائی کا کام کرنے والی اُن ماسیوں کو مدعو کیا جنھیں معاشرے میں آج تک اُن کا جائزمقام نہیں مل سکا۔ ڈاکٹر عامرحسین سے گفتگوکے دوران عمر کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی غریب ملازماؤں نے اُن مشکلات سے ناظرین کو آگاہ کیا جو دورانِ ملازمت انھیں پیش آتی ہیں۔ماسیوں کے مسائل پراظہار خیال کرتے ہوئے میزبان کا کہنا تھا کہ کسی عورت کا دل نہیں چاہتا کہ وہ اپنے بچوں یاگھرکے آرام کو چھوڑکر دردرکی ٹھوکریں کھائے مگر مجبوریاں انھیں لوگوں کے جھوٹے برتن اور میلے کپڑے دھونے پر مجبور کرتی ہیں،یہ یہ گھروں کی باغبان ہیں۔

ان سے بدتمیزی نہ کی جائے بلکہ انھیں باعزت مقام دیا جائے۔ ڈاکٹر عامرلیاقت حسین نے دکھی خواتین سے ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انھیں تحائف پیش کیے اور ایم ایس ایف کی طرف سے انھیں5 ماہ کا راشن اورعید کے جوڑے بھی دیے۔تاریخ ساز نشریات کے دورا ن پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اور سابق ٹیسٹ کرکٹرباسط علی نے بھی بطور خاص شرکت کی اورلندن میں مقیم اپنی خواہر نسبتی کی جانب سے ڈاکٹر عامر لیاقت کو حسین گلدستہ پیش کیا۔میزبان سے گفتگو کے دوران انھوں نے پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے بعض مفید تجاویزبھی پیش کیں۔پاکستان رمضان کے مقبول پروگرام ''راہ نیکی'' میں مختلف مسائل میں مبتلا خاندانوں کی امدادکاسلسلہ چھٹے روز بھی جاری رہا جس کے دوران پیدائشی طور پر بائیں جبڑے سے محروم موت سے جنگ لڑتی کم سن فاطمہ نے اپنے والدین کے ساتھ شرکت کی ۔آنسوؤں کے ساتھ دکھی ماں کی فریاد اورکم سن فاطمہ کے آنسوؤں نے میزبان اور حاضرین ہی کو آبدیدہ کردیا ۔اس موقع پر بچی کے آنسو پونچھتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اعلان کیا کہ اس کے علاج اور آپریشن کے تمام اخراجات محمود ہ سلطانہ فاؤنڈیشن برداشت کرے گی ۔

اس موقع پر ایک نجی ٹی وی چینل کے نیوز اینکرکامران شاہد نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے رابطہ کرکے بچی کے علاج کے لیے 50 ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر اس موقع پر محمودہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی طرف سے روزگار اسکیم کے تحت کم آمدنی کی وجہ سے بدحالی کے شکار سعید کو اسٹیشنری کے سامان سے لدا ٹھیلا بھی فراہم کیا گیا ۔ ایکسپریس کے مقبول دینی پروگرام ''عالم آن ایئر'' میں سحرکے دوران تنظیم المساجد پاکستان کے سربراہ مفتی عابد مبارک اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ شبیر حسن میثمی نے جبکہ افطار میں جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی ، جامعہ بنوریہ العالمیہ سے منسلک مفتی فضل سبحان،شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹر ی علامہ فیاض حسین مطہری اور تحریک اہل حدیث پاکستان کے سرپرست پروفیسر محمد یونس صدیقی نے شرکت کی اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھی جانیوالی ''پاکستان رمضان''نشریات کے میزبان' عالمگیر شہرت یافتہ براڈ کاسٹر اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے پریذیڈنٹ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے گزشتہ روز رمضان المبارک کے پیش نظر سادگی سے اپنی سالگرہ منائی۔ اس پر مسرت موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں ناظرین اور عزیز واقارب نے بذریعہ ای میل اور ٹیکسٹ میسجز اپنے پسندیدہ میزبان سے بھرپور محبت' عقیدت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کیلئے صحت' تندرستی' ترقی' استقامت اور طویل عمری کی دعائیں کیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مبارکباد دینے والوں میں علمائے کرام اور ثنا خواں حضرات سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے چاہنے والوں نے ان سے اپنی محبت کا اظہار دعائوں سے مزین خوبصورت کارڈز' کیک' تحائف اور حسین گلدستے پیش کرکے کیا اور اس دوران پاکستان رمضان کا سیٹ پھولوں کے حسین گلدستوں سے سج گیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے اور مبارکباد دینے والے اپنے تمام خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا۔ 5 جولائی 1971ء کو کراچی میں جنم لینے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین برصغیر کے بزرگ صحافی اور قائداعظم کو قائداعظم کا خطاب دینے والی شخصیت سردار علی صابری مرحوم کے نواسے ہیں جبکہ پاکستان کی پہلی خاتون کالم نگار اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قریبی ساتھی محمودہ سلطانہ (غوثیہ بیگم) مرحومہ اور تحریک پاکستان کے کارکن شیخ لیاقت حسین مرحوم کے مایہ ناز فرزند ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی زندگی انتھک محنت اور بھرپور کامیابیوں سے عبارت ہے۔

زندگی کے جس شعبے میں انہوں نے قدم رکھا کامیابی نے ان کے قدم چومے اور اللہ کے فضل وکرم اور اس کے حبیبؐ کے صدقے میں ان دنوں میڈیا کی تاریخ کی تیرہویں کامیاب ترین رمضان نشریات پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں جو بذات خود ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

پاکستان رمضان نشریات میں شامل ہر ایک کے پسندیدہ ''پاکستان گھر'' میں نشریات کے چھٹے روز عام دنوں کی نسبت زیادہ کثیر تعداد میں حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے لاکھوں روپے کے قیمتی انعامات جیتے جن میں موٹرسائیکلز، عمرے کے ٹکٹس، حج پیکج، لیپ ٹاپ، موبائل فونز، الیکٹرانک مصنوعات اور ملبوسات کے علاوہ Qموبائل کی اسپانسر شدہ گاڑی شامل ہے۔ حالیہ رمضان المبارک میں پہلی گاڑی جیتنے کا اعزاز خوش قسمت باپ بیٹی کو حاصل ہوا جنہوں نے تین سوالوں کے مسلسل درست جوابات دے کر پاکستان رمضان میں پہلی گاڑی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ گاڑی جیتنے کے بعد باپ بیٹی اور فیملی کے دیگر اراکین نے نہایت خوشی کا اظہار کیا اور لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی جیتنے کو رمضان کی برکت قرار دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں