کراچی کے بیشتر علاقے پولیو وائرس میں ہائی رسک پر ہیں وزیراعلیٰ سندھ

پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار پر سرپرست یا والدین کے خلاف کارروائی ہوگی، مراد علی شاہ

پولیو مہم میں والدین اور سرپرست مکمل تعاون کریں، مراد علی شاہ (فوٹو: فائل)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر (کراچی) کے بیشتر علاقے پولیو وائرس میں ہائی رسک پر ہیں۔



ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو جاری انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچے کی پوری زندگی تباہ کردیتا ہے۔ پولیو مہم میں والدین اور سرپرست مکمل تعاون کریں ۔ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں۔بصورت دیگر سرپرست یا والدین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام 85 یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ شہر کراچی کے بیشتر علاقے پولیو وائرس میں ہائی رسک پر ہیں۔ پولیو کے خلاف جاری مہم میں 11 لاکھ بچوں میں سے کوئی بچہ رہنا نہیں چاہیے۔ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہیلتھ ورکرز کی بھرپور مدد کریں ۔


مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اس مرض کا خاتمہ ہو چکا ہےلیکن ہمارے یہاں چند لوگوں کے عدم تعاون اور رویے کی وجہ سے ہم اس مرض سے نجات نہیں پارہے۔ پولیو وائرس کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ مہم کی کامیابی بچوں کے والدین کے تعاون پر منحصر ہے۔ یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک صحت مند معاشرہ اور خوشحال مستقبل فراہم کریں۔

Load Next Story