احسان اللہ کی انجری والد نے چیئرمین پی سی بی سے اپیل کردی

مسلسل زخمی ہونے کی وجہ سے انکا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا ہے، والد


ویب ڈیسک August 17, 2024
مسلسل زخمی ہونے کی وجہ سے انکا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا ہے، والد (فوٹو: فائل)

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ کے والد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپنے بیٹے کے کیرئیر سے متعلق اپیل کردی۔

ایک سال سے کہنی کی تکلیف کے شکار فاسٹ بولر احسان اللہ خان کے والد عبدالناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستند ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے سوات میں مناسب دیکھ بھال نہیں مل رہی ہے، اس کی بحالی کے لیے یہ ضروری ہے کہ اسے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) منتقل کیا جائے، جہاں وہ اپنا کیریئر بچانے کے لیے ضروری علاج کر سکے۔

کرکٹر کے والد نے پی سی بی چیئرمین سے درخواست کی کہ احسان کو اپنا علاج مکمل کرنے اور دوبارہ کھیل شروع کرنے کے لیے لاہور منتقل کیا جائے، مسلسل زخمی ہونے کی وجہ سے انکا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص؛ محسن نقوی ڈاکٹرز پر برہم

واضح رہے کہ احسان اللہ ایک سال سے زائد عرصے سے کہنی کی انجری سے نبرد آزما ہیں جبکہ انگلینڈ میں چیک اَپ کے بعد پی سی بی کی ایک کمیٹی نے سرجری کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اس کے جواب میں چیئرمین محسن نقوی نے احسان اللہ کی مکمل دیکھ بھال کی ہدایات جاری کیں تھی۔

مزید پڑھیں: احسان اللہ کی انجری؛ پی سی بی میڈیکل پینل کا موقف سامنے آگیا

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کے اونر علی ترین نے انکشاف کیا تھا کہ ابتدائی طور پر انکی انجری کی غلط تشخیص ہوئی اور پھر ناکام سرجری جس سے انکا کیرئیر داؤ پر لگ گیا۔

مزید پڑھیں: احسان اللہ کو نظر انداز کرنے کیخلاف آوازیں بلند ہونے لگیں

خبر میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی تھی، بعدازاں پی سی بی کے ڈاکٹر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ احسان اللہ کی کہنی کی ایم آر آئی رپورٹ کی غلط تشخیص نہیں ہوئی بلکہ اس کی تشریح غلط کی گئی۔

بعدازاں بورڈ نے ڈاکٹر کو عہدے سے ہٹادیا تھا تاہم کرکٹر احسان اللہ آج بھی کہنی کی انجری کا شکار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔