خاتون افسر کے لباس پر اعتراض اسپیکر قومی اسمبلی کا نوٹس

اسپیکر ایاز صادق نے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو 15 روز میں رپورٹ جمع کرائے گی

اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے ریمارکس پر کمیٹی قائم کردی—فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں نجی کمپنی کی خاتون افسر کے لباس پر کمیٹی کے رکن کی جانب سے کیے گئے اعتراض پر قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے نوٹس لیتے ہوئے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کے-الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس پر کیے گئے اعتراض پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کمیتی کے رکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اقبال آفریدی کے مبینہ نازیبا ریمارکس کا نوٹس لے لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے اعتراض کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی جو حقائق کا کھوج لگائے گی، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کمیٹی کے سربراہ ہوں، دیگر اراکین میں سید نوید قمر، سید امین الحق، ملک محمد عامر ڈوگر اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔


مزید پڑھیں: قائمہ کمیٹی اجلاس : پی ٹی آئی ایم این اے کا کے الیکٹرک کی خاتون افسر کے لباس پر اعتراض

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پارلیمانی پارٹیوں کی 5 خواتین ممبران کو شامل کرنے کی مجاز ہوگی اور 15 روز میں اسپیکر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ رکن پی ٹی آئی اقبال آفریدی نے قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں خاتون افسر کے لباس پر اعتراض کیا تھا، جس پر اسپیکر نے کہا کہ خواتین کی عزت اور توقیر میں اضافے کے لیے ہر لمحہ کوشاں ہیں۔

خواتین ارکان اسمبلی کی جانب سے بھی اقبال آفریدی کے رویے پر اظہار ناپسندیدگی کیا گیا تھا۔
Load Next Story