وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایم این اے جنید اکبر کو فوکل پرسن کے عہدہ سے ہٹادیا
جنید اکبر نے سابق وزیر شکیل احمد کی برطرفی پر ان کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایم این اے جنید اکبر کو فوکل پرسن برائے ممبران قومی اسمبلی کے عہدہ سے ہٹادیا۔
علی امین گنڈا پور کی جانب سے جنید اکبر کی جگہ کرک سے تعلق رکھنے والے ایم این اے شاہد احمد کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی شاہد احمد صوبائی حکومت اور صوبہ سے اراکین قومی اسمبلی کے درمیان رابطہ کاری کا فریضہ انجام دیں گے۔
ملاکنڈ سے ایم این اے جنید اکبر نے سابق وزیر شکیل احمد کی برطرفی پر ان کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔
دریں اثنا ایم این اے جنید اکبرنے خود کو وزیر اعلی کے فوکل پرسن کے عہدہ سے ہٹانے کے فیصلہ کو درست قراردے دیا۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کایہ بہترین فیصلہ ہے جس کی داد دیتا ہوں، اس ذمہ داری کوپورا کرنا میرے لیے ممکن نہیں تھا۔ رکن قومی اسمبلی شاہد احمد کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پارٹی کے ساتھ تھا اور ہمیشہ پہلے سے بھی زیادہ ڈٹ کر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔