ڈکیٹی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق

شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہوگئی

فوٹو- فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب جمعرات کی شام 2 کروڑ سے زائد نقدی لوٹنے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا سیکیورٹی گارڈ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

میٹھادر پولیس نے واردات کا مقدمہ کمپنی کے ملازم کی مدعیت میں درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہوگئی ۔


ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے قریب جمعرات کی شام کمپنی کے ملازم سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے چھیننے کی واردات کا مقدمہ نمبر 150 سال 2024 میٹھادر تھانے میں مدعی محمد بلال کی مدعیت میں بجرم دفعات 392 اور 397 چونتیس کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے۔

مدعی کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کی تھی، عارف عزیز نے مزید بتایا کہ واردات کے دوران مزاحمت پر کمپنی کے ملازم مدعی مقدمہ بلال کے ہمراہ موجود کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ گل ضمیر مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا تھا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعہ کی سی سی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا۔
Load Next Story