باہر نہیں نکلنا ورنہ خواتین سے بچ نہیں سکیں گے

نادیہ خان نے فہد مصطفٰی کو اہم مشورہ دے دیا


ویب ڈیسک August 18, 2024
فہد مصطفیٰ نے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی ہے : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے ڈرامہ سیریل 'کبھی میں، کبھی تُم' میں فہد مصطفیٰ کی شاندار اداکاری اور فٹنس دیکھ کر اُنہیں اہم مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں نادیہ خان نے ایک ٹی وی شو کے دوران ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے نئے ڈرامہ سیریل 'کبھی میں، کبھی تُم' کے بارے میں بات کی۔

نادیہ خان نے کہا کہ ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کو ایک مڈل کلاس فیملی کے لڑکے کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو گھر کی ذمہ داریوں سے لاپرواہ ہے اور اپنا زیادہ تر وقت ویڈیو گیمز کھیلنے اور دوستوں کے ساتھ گُزارتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس ڈرامے کے لیے فہد مصطفیٰ نے اپنی فٹنس اور حُلیہ بھی ویڈیو گیم کھیلنے والے نوجوان لڑکے کی طرح بنایا ہے جو قابلِ تعریف ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کا کردار اور فٹنس دیکھ کر نوعُمر لڑکیوں سمیت ہر عُمر کی خواتین بھی اُن کی دیوانی ہوگئی ہیں۔

مزید پڑھیں: فہد مصطفیٰ کی 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی

نادیہ خان نے کہا کہ میری سہیلیاں بھی فہد مصطفیٰ کے پیچھے پاگل ہورہی ہیں، وہ مجھے میسجز کرکے کہتی ہیں کہ یہ فہد مصطفیٰ نے کیا کردیا، یہ کتنے تبدیل ہوگئے ہیں، یہ تو سب کے کَرش بن گئے ہیں۔

اداکارہ نے فہد مصطفیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ گھر سے باہر نہ نکلنا، ورنہ آپ خواتین اور نوعمر لڑکیوں سے خود کو بچا نہیں سکیں گے۔

واضح رہے کہ اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے ڈرامہ سیریل 'کبھی میں، کبھی تُم' کے ذریعے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی ہے۔

اس سے قبل فہد مصطفیٰ نے آخری بار سال 2015 میں ڈرامہ سیریل 'دوسری بیوی' میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، اس ڈرامے کے بعد اداکار نے ڈرامہ انڈسٹری سے وقفہ لے لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں