مسلسل شکستوں سے زمبابوین کپتان کے صبرکا پیمانہ لبریز

پلیئرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، موجودہ ٹیم معیار سے کمتر ہے، برینڈن ٹیلر کا اعتراف

پلیئرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، موجودہ ٹیم معیار سے کمتر ہے، برینڈن ٹیلر کا اعتراف فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
سری لنکا میں جاری ٹی20 ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 10 وکٹ کی شکست سے سفرختم ہونے پر زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

انھوں نے ساتھی پلیئرز کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، ان کے مطابق موجودہ ٹیم معیار سے کمتر ہے،میڈیا سے بات چیت میں ٹیلر نے کہا کہ ہم سری لنکا فتوحات سمیٹنے آئے لیکن یہاں ہمارا جو حشر ہوا وہ بہت مایوس کن ہے۔

جب کل کا سورج طلوع ہوگا تو ہم بدقسمتی سے اپنے شکستہ ارمان اور تمام سازو سامان سمیٹ کر واپس وطن روانہ ہورہے ہوں گے، ہمیں ابھی کرکٹ میں مہارت حاصل کرنے کیلیے طویل سفر طے کرنا ہے اور اس ضمن میں آئندہ برس کافی زیادہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔


ہم چاہتے ہیں کہ غیر ملکی کنڈیشنز کے حوالے سے خود کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنائیں۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم میگا ایونٹ میں دونوں حریف ٹیموں کے خلاف کھیل کے تمام شعبوں میں بُری طرح ناکام رہی، دوران فیلڈ کھلاڑیوں نے حریف بیٹسمینوں کو آئوٹ کرنے کے اہم مواقع ضائع کیے اور بولرز کی بھی خوب جم کر پٹائی ہوئی۔

ایسے میں کوئی بھی ٹیم میچ جیتنے کی اہل نہیں ہوتی، مختصر یہ شوپیس ایونٹ میں زمبابوین ٹیم کی کارکردگی نہایت بھونڈی اور معیار سے گری ہوئی رہی، حریف ٹیموں کا کھیل بہت اعلیٰ تھا جس کے سامنے ٹھہرنا ہمارے کھلاڑیوں کے بس کی بات نہیں تھی۔

انھوں نے کہا کہ ہم اس بار بھی آئندہ اچھا کھیلنے کا عزم لے کر گھر جارہے ہیں لیکن ہمیں اس روایت کو بدلنا ہوگا۔ یاد رہے کہ20ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے گروپ میچ میں زمبابوے کو میزبان سری لنکا نے82 رنز سے مات دی جبکہ دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے 10وکٹ سے ہرایا۔
Load Next Story