خانز اکشے کمار رنبیر کپور کیساتھ فلموں کی آفر مسترد کی کنگنا کا انکشاف

اداکارہ نے بالی ووڈ اسٹارز کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

بالی ووڈ کے تمام خانز ہی میرے ساتھ بہت اچھے ہیں : کنگنا رناوت (فوٹو : فائل)

بھارت کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں بالی ووڈ خانز، اکشے کمار اور رنبیر کپور کے ساتھ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن اُنہوں نے پیشکش مسترد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، اکشے کمار اور رنبیر کپور کے ساتھ فلموں میں نظر آئے بغیر بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے بارے میں بات کی۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ کے تمام خانز ہی میرے ساتھ بہت اچھے ہیں، اُنہوں نے میرے ساتھ کبھی بدتمیزی نہیں کی، ہمیشہ خوش اخلاقی سے پیش آئے لیکن اس کے باوجود، میں نے ان کے ساتھ فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا۔


اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کی فلموں میں مرکزی کردار ہیرو کا ہوتا ہے جبکہ ہیروئن صرف چند مناظر اور ایک دو گانوں تک محدود ہوتی ہیں، میں ایسی فلمیں نہیں کرنا چاہتی بلکہ میں ایک اے لِسٹر اداکارہ بننا چاہتی ہوں جس نے خانز کے ساتھ کام کیے بغیر ہی مقبولیت حاصل کی ہو۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوت کی نئی تھرلر فلم 'ایمرجنسی' کا ٹریلر جاری

اُنہوں نے کہا کہ میں نے رنبیر کپور اور اکشے کمار کے ساتھ فلموں کی پیشکش کو بھی مسترد کیا کیونکہ میں ایسی اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھی کہ جہاں ایک ہیرو ہی ہیروئن کو کامیاب بنائے۔

کنگنا رناوت نے بالی ووڈ میں آنے والی نئی اداکاراؤں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ کوئی خان آپ کو کامیاب نہیں بنا سکتا، کوئی کمار آپ کو کامیاب نہیں بنا سکتا، کوئی کپور آپ کو کامیاب نہیں بنا سکتا۔ آپ خود بھی اپنے کیریئر میں کامیاب ہو سکتی ہیں اور میں نے یہ مثال قائم کی ہے۔
Load Next Story