پاک بنگلادیش سیریز دوسرا ٹیسٹ بھی کراچی سے منتقل کرنے کا فیصلہ

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے شروع ہونا تھا


Zubair Nazeer Khan August 18, 2024
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے شروع ہونا تھا (فوٹو: پی سی بی)

پاکستان اور بنگلادیش درمیان سیریز کے دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیمپئیز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے اور تزئین و آرائش کے کاموں کی وجہ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 30 اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ ہوا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر سابق کرکٹرز نے کڑی تنقید کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ بنگلادیش؛ دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر ہوگا، مگر کیوں؟

بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ جو (30 اگست سے 3 ستمبر) تک کھیلا جائے گا، اس میچ شائقین اسٹیڈیم آکر اپنی ہوم ٹیم کو سپورٹ نیں کرسکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے شائقین کی میزبانی سے قاصر ہیں اور انتہائی اقدام اٹھانا پڑرہا ہے، شائقین کی قدر کرتے ہیں تاہم انکی صحت اور حفاظت اہم ہے۔

مزید پڑھیں: تماشائیوں کے بغیر میچ کروانے پر سابق کرکٹر نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کیلئے منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس مقام پر 5 منزلہ نئی عمارت میں کھلاڑیوں کیلئے ڈریسنگ رومز کی تعمیر کی جائے گی۔

دوسرے مرحلہ میں تمام انکلوژرز میں چھت کیلئے جدید طرز کی ٹیفلون کی تنصیب کی جائے گی، تیسرے اور آخری مرحلہ میں مرکزی عمارت کا انہدام کرکے نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے موقع پر پی سی بی کا اسٹیڈیم میں نئی فلڈ لائٹس متعارف کرانے کا فیصلہ

پی سی بی اگلے برس فروری سے مارچ تک شیڈول چیمپئینز ٹرافی سے قبل 3 مراکز پر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کرانے کا خواہاں ہے، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم کے میگا پروجیکٹ کی نگرانی بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی خود کررہے ہیں۔

اس ضمن میں مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے، آ ئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے 7 کروڑ ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دے چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دورے پر انے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی منتقلی کا فیصلہ نہیں ہوا، پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کراچی میں شیڈول ہے،انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ 15اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔