حکومت اپوزیشن جماعتوں میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے پرویز الہیٰ

موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اور جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی ہو اس کا رہنا ملکی مفاد میں نہیں، رہنما مسلم لیگ ق

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داری وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ہیں، چوہدری پرویز الہیٰ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔



لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اور جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی ہو اس کا رہنا ملکی مفاد میں نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد حکومت آئینی اور اخلاقی حیثیت کھوچکی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین مارے مارے پھر رہے ہیں اور پنجاب حکومت کی جانب سے ایف آئی آر بھی درج کرنے نہیں دی جارہی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داری وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ہیں۔


سابق وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہمارا الائنس ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی برقرار رہے گی جبکہ لانگ مارچ اور انقلاب کی کال کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہر گھڑی اور ہر مشکل وقت میں قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، مسلم (ق) نے پاک فوج کی حمایت میں ملک بھر کے 32 اضلاع میں ریلیاں نکالیں جبکہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے امدادی سامان بھی اکھٹا کیا جارہا ہے۔

Load Next Story