لندن کے ہوٹل میں بھارتی ایئر ہوسٹس کیساتھ زیادتی کی کوشش

ملزم رات ڈیڑھ بجے خاتون کے کمرے میں داخل ہوا اور مار پیٹ کا نشانہ بنایا

فوٹو: فائل

بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ لندن کے ہوٹل میں مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لندن کے ایک بڑے ہوٹل میں ایئر انڈیا کی خاتون کُرو ممبر کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش اور مار پیٹ کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ خاتون کو بھارت روانہ کردیا گیا ہے جہاں انکی کاؤنسلنگ کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات جب خاتون کُرو ممبر اپنے کمرے میں سو رہی تھی کہ تقریباً ڈیڑھ بجے ایک نامعلوم شخص اس کے کمرے میں داخل ہوگیا۔


خاتون کی آنکھ کھلی تو اس نے چلانا شروع کر دیا جس پر حملہ آور نے کپڑے کے ہینگر سے خاتون کو مارا اور فرش پر گھسیٹا، شور کی آواز سن کر قریبی کمروں میں موجود افراد نے حملہ آور کو پکڑ کر خاتون کی جان بچائی۔

ایئر انڈیا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا کہ ہم ایک بڑی انٹرنیشنل چین کے ہوٹل میں پیش آنے والے اس واقعے سے شدید غمزدہ ہیں، ہم اپنی ساتھی کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔

ایئر لائن نے اپنے ملازمین کو لندن کے ایک دوسرے ہوٹل میں شفٹ کر دیا ہے۔ ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ حملہ آور کا مقصد معلوم نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عملے کے رکن کی چوٹیں تشویشناک نہیں ہیں، مبینہ ملزم افریقی ملک کا شہری بتایا جاتا ہے، لندن پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story