پولیس تعیناتی میں سیاسی عمل دخل نہیں کام کر کے دیکھانا ہوگا وزیراعلیٰ پنجاب

مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں راولپنڈی میں اسسٹنٹ کمشنر کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا


ویب ڈیسک August 18, 2024
راولپنڈی میں مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس ہوا—فوٹو: اسکرین گریب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور پولیس کی کسی تعیناتی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں ہے لہٰذا کام کرکے دیکھانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں خصوصی اجلاس ہوا جہاں مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں اشیائے ضروریہ اور خوردونوش کے نرخ کا بھی جائزہ لیا اور راولپنڈی میں سبزی منڈیاں اور سہولت بازار قائم کر نے سمیت اسسٹنٹ کمشنر کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب نے چھوٹے بڑے شہروں میں پبلک ٹوائلٹس کی روزانہ صفائی کی بھی ہدایت کی، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عوامی مساجد میں نماز جمعہ میں شرکت کرنے کے لیے کہا اور شہروں میں مین پلاسٹک ہول ڈھکن متعارف کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت زیر تکمیل اور نئے پراجیکٹس پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ نالہ لئی کی مون سون بارشوں سے قبل صفائی سے سیلابی کیفیت پیدا نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ مری میں35 غیر قانونی عمارتیں مسمار کردی گئی ہیں، اس موقع پر مریم نواز نے مری کی ساملی ہسپتال کی جلد تکمیل اور دونوں ہسپتالوں کے لیے ٹرانسپورٹ جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی کے لیے امن واستحکام چاہیے، فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی، پولیس کی کسی تعیناتی میں کوئی سیاسی عمل دخل نہیں،کام کر کے دکھائیں۔

وزیر اعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محض جرمانہ کافی نہیں گراں فروشی پر تین دن کے کے لیے دکان بند کی جائے، سہولت بازار میں خواتین دکان داروں کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ صفائی ستھرائی کا مسئلہ گلی اور محلوں میں زیادہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نگرانی اور مانیٹرنگ کے بغیر کوئی کام کرنے کو تیار نہیں، شہریوں میں گرین بیلٹ اور مارکنگ یکساں ہو نی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔