کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ڈکیتی مزاحمت پر دو شہری زخمی

سپرہائی وے مدراس چوک سے لاش ملی، ہجرت کالونی اور چیل چوک پر ڈکیتی مزاحمت پر دو شہری زخمی ہوئے

(فوٹو: فائل)

فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کا جرائم پیشہ شخص سے تعلق تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل کے علاقے سپرہائی وے مدراس چوک جیوانی علی کمپلیکس کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ عبدالخالق بروڑو ولد عبدالستار بروڑو کے نام سے ہوئی، مقتول کا آبائی تعلق اندرون سندھ کڑی عطا محمد خان روڈ محلہ ٹھارو پور شکار پور سے تھا، مقتول کو سینے پر ایک گولی مار کر قتل کیا گیا۔


ایس ایچ او کے مطابق جائے وقوع سے کوئی خول نہیں ملا، مقتول کے پاس سے موبائل فون بھی برآمد نہیں کیا گیا جبکہ اس کے پاس سے عدالت سے ضمانت کے دستاویزات اور تین پرس برآمد کیے گئے ہیں، مقتول کے پاس سے ایک اور شخص کا شناختی کارڈ ملا ہے، جس شخص کا شناختی کارڈ ملا ہے اس کا کرمنل ریکارڈ سامنے آیا ہے اس ریکارڈ کے مطابق وہ سال 2022 میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں ںے بتایا کہ مقتول کا کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا ہے شبہ ہے کہ مارا جانے والا شخص اور اس کا ساتھی کسی شہر سے واردات کر رہے ہوںگے اور شہری نے موقع ملنے پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا تاہم یہ ہوسکتا ہے کہ ڈاکو کو اس کا اپنا ساتھی لالچ میں قتل کر کے لوٹ مار کے دوران اکھٹی کی گئی رقم لے کر فرار ہوگیا تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثنا آرٹلری میدان کے علاقے ہجرت کالونی گلی نمبر 52 مدینہ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ عمران ولد مقبول کے نام سے کی گئی ، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا تاہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اسی طرح کلاکوٹ کے علاقے لیاری چیل چوک بینک والی گلی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ اورنگزیب ولد مراد بخش کے نام سے کی گئی ، فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
Load Next Story