شرمندگی سے سر اُٹھا کر نہیں چل سکتا کولکتہ ریپ کیس پر متھن بھی بول پڑے

متھن چکرورتی نے خاتون ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کردیا


ویب ڈیسک August 19, 2024
متھن چکرورتی نے مغربی بنگال کو خوفناک قرار دیدیا : فوٹو : فائل

بھارت کے سینیئر اداکار متھن چکرورتی نے بھی کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی نے بنگالی زبان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی جگہوں پر کئی بار کہہ چکا ہوں کہ آنے والے دنوں میں مغربی بنگال کے حالات مزید خراب اور خوفناک ہوجائیں گے۔

متھن چکرورتی نے کولکتہ ریپ کیس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہولناک واقعے کے بعد، میں بنگالی ہونے کی حیثیت سے سر اٹھا کر نہیں چل سکتا۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ اس خوفناک واقعے کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے اہلخانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے جبکہ میرا مطالبہ ہے کہ جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں انہیں جلد از جلد سزا دی جائے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بنگال میں ریپ کے بڑھتے کیسز ریاست کے لاء اینڈ آرڈر پر سوالیہ نشان ہیں۔

مزید پڑھیں: محسن عباس حیدر نے دُنیا بھر کی خواتین سے معافی مانگ لی

واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

مزید پڑھیں: آیوشمان کھرانہ بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی بھارتی ڈاکٹر کی آواز بن گئے

کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو اسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں