خیبر پختونخوا میں تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں بھرتیوں، تعیناتیوں اور خریداری پر پابندی عائد کردی گئی ۔
محکمہ صحت نے ایم ٹی آئی اسپتالوں کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس کے مطابق تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں نئی بھرتیوں، تعیناتیوں اور خریداری پر غیر معینہ مدت تک کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق یکم جولائی سے مختلف ایم ٹی آئیز میں تقرریوں اور خریداری کے عمل کو روکنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے بار بار رابطے کے باوجود عمل نہیں روکا۔ ہائی کورٹ نے 15اگست کی سماعت میں بی اوجیز کو آئندہ سماعت تک ہر قسم کی تقرریوں اور خریداریوں کو روکنے کی ہدایت کی تھی۔ اسی مناسبت سے تمام اداروں میں تمام قسم کی تقرریوں اور خریداریوں کو روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے نگراں دور میں اسپتالوں کے لیے تشکیل دیے جانے والے بورڈز کے ارکان کو برطرف کیا تھا، جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں کے لیے نئے ارکان پر مشتمل بورڈز تشکیل دیے، جس کے بعد بعض بورڈ ممبرز نے نئے بورڈز کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔