حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک متعدد زخمی

حزب اللہ نے بارودی مواد سے لدے 5 ڈرونز سے حملہ کیا جن میں سے 3 کو گرادیا گیا، ترجمان اسرائیلی فوج


ویب ڈیسک August 19, 2024
حزب اللہ نے بارودی مواد سے لدے 5 ڈرونز سے حملہ کیا جن میں سے 3 کو گرادیا گیا، ترجمان اسرائیلی فوج

اسرائیل کے علاقے مغربی گلیلی میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں صیہونی فوج کا ایک اہلکار مارا گیا جب کہ متعدد زخمی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ان کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا جس کی شناخت 45 سالہ چیف وارنٹ آفیسر محمود عماریہ کے نام سے ہوئی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مارے گئے اسرائیلی فوجی کا تعلق ابٹن کے علاقے سے تھا اور وہ 300 ویں "بارم" ریجنل بریگیڈ میں تعینات تھا۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ حزب اللہ نے لبنان سے دھماکا خیز مواد سے لدے 5 ڈرونز اسرائیل کی جانب داغے جن میں سے 3 کو آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ناکارہ بنادیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سرزمین پر گرنے والے دو ڈرونز میں سے ایک فوجی کیمپ پر گرا جس میں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاہم بیان میں زخمی اہلکاروں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ دوسری جانب آزاد ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تعداد 5 سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

ادھر حزب اللہ نے اسرائیلی سرزمین پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی شہید جانبازوں کے بدلے میں کی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔