درآمدات و برامدآت میں کمی غذائی اشیا کی بیرونی تجارت میں ٹریڈ سرپلس مزید بڑھ گیا

جولائی تا مئی ٹریڈ سرپلس 54 کروڑ 26 لاکھ ڈالر رہا، 4 ارب 29 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی کھانے پینے کی اشیا برآمد


Business Reporter July 07, 2014
درآمدی بل 4.48 فیصد کمی سے 3 ارب 75 کروڑ 32 لاکھ ڈالر رہا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی خوردنی اشیا کی بیرونی تجارت گزشتہ مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران 54 کروڑ 26 لاکھ ڈالر سرپلس رہی۔

پاکستان نے اس عرصے کے دوران 4ارب 29کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی کھانے پینے کی اشیا برآمد کیں جبکہ اسی عرصے میں کھانے پینے کی اشیا کا درآمدی بل 4.48فیصد کمی سے 3ارب 75 کروڑ 32 لاکھ ڈالر رہا۔ مالی سال 2012-13کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران غذائی تجارت 42 کروڑ 81 لاکھ ڈالر سرپلس رہی تھی۔ مالی سال 2012-13کے اسی عرصے میں 4ارب 35 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی غذائی اشیا برآمد جبکہ 3ارب 92کروڑ 92لاکھ ڈالر کی غذائی اشیا درآمد کی گئی تھیں۔ مالی سال 2013-14کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمد میں بلحاظ مالیت 1.41 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

مالی سال 2012-13کے اسی عرصے میں غذائی اشیا کی برآمدات 4ارب 35کروڑ 74لاکھ ڈالر رہی تھیں جبکہ مالی سال 2013-14کے دوران غذائی اشیا کی مجموعی برآمدات 4ارب 29 کروڑ 59لاکھ ڈالر رہیں۔ مالی سال 2013-14 کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران چاول کی برآمد 14.5فیصد اضافے سے 2ارب ایک کروڑ 35لاکھ ڈالر رہیں جس میں 67کروڑ 46 لاکھ ڈالر کا باسمتی اور ایک ارب 33 کروڑ 89 لاکھ ڈالر کا نان باسمتی چاول شامل ہے۔ سمندری خوراک کی برآمد 15.25 فیصد اضافے سے 33کروڑ 57لاکھ ڈالر رہیں۔

پھلوں کی برآمدات 16.84 فیصد اضافے سے 41کروڑ 80لاکھ ڈالر جبکہ سبزیوں کی برآمدات 14فیصد کمی سے 20کروڑ 14لاکھ ڈالر رہی۔ چینی کی برآمد 46.12 فیصد کمی سے 25کروڑ 58 لاکھ ڈالر رہی۔ گوشت اور گوشت سے تیار مصنوعات کی برآمد 10.24 فیصد اضافے سے 21کروڑ 38لاکھ ڈالر رہی۔ تیل پیدا کرنے والے بیجوں کی ایکسپورٹ 136فیصد اضافے سے 7 کروڑ 93 لاکھ ڈالر رہی۔مختلف قسم کی دالوں کی برآمد 36.81فیصد کمی سے 28 لاکھ ڈالر جبکہ مصالحہ جات کی برآمد 16.16فیصد کمی سے 5 کروڑ 13لاکھ ڈالر رہی۔

گندم کی برآمد86.79 فیصد کمی سے 70 لاکھ 58 ہزار ڈالر تک محدود رہی۔اسی عرصے کے دوران پاکستان نے ایک ارب 67 کروڑ 12لاکھ ڈالر کا پام آئل، 8کروڑ 14لاکھ ڈالر کا سویابین آئل، 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مصالحہ جات، 27 کروڑ 21لاکھ ڈالر کی چائے، 9کروڑ 36لاکھ ڈالر کے ڈرائی فروٹس، 10کروڑ 72لاکھ ڈالر کی گندم، 14کروڑ 82لاکھ ڈالر کا بچوں کا خشک دود، 26 کروڑ 97لاکھ ڈالر کی دالیں اور ایک ارب 2 کروڑ ڈالر کی دیگر متفرق غذائی اشیا درآمد کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں