صرف پنجاب کے بجائے پورے ملک میں بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے حافظ نعیم

حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں، امیر جماعت اسلامی

فوٹو: جماعت اسلامی سوشل میڈیا

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے صرف پنجاب میں 2 ماہ کے لیے 14 روپے فی یونٹ کمی کے بجائے پورے ملک میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئی پی پیز کا بھاری بوجھ ڈالنے میں پیپلزپارٹی، نواز لیگ، ق لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کا حصہ ہے۔ عوام اب ان کیپیسٹی چارجز کا بھاری بوجھ مزید نہیں اُٹھا سکتے، حکومت نے جماعت اسلامی سے معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ دیا تو ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کیے جائیں گے، 28 اگست کو ملک گیر شٹر ہڑتال ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں، صنعت کار اور تاجر سخت پریشان ہیں، مہنگی بجلی کے باعث ملک میں شدید بحران آیا ہوا ہے اور روزانہ ہوشربا حقائق منظر عام پر آرہے ہیں کہ کس طرح آئی پی پیز کے معاہدوں سے معیشت تباہ کی گئی، ہم آج بھی اس بجلی کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو نہ پیدا کی گئی اور نہ ہم نے استعمال کی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومت کا ایک شیطانی اتحاد ہے جو کراچی کے عوام کے خلاف بنا ہوا ہے، کے الیکٹرک کو ہر حکومت اور حکمران پارٹی نے سپورٹ کیا ہے، بوسیدہ پلانٹ اور لائن لاسز کے باوجود اسے نواز جا رہا ہے۔ کراچی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کا سارا نظام تباہ حال ہے، قبضہ میئر اور صوبائی وزیرِ بلدیات کی نا اہلی کی سزا کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، اربوں روپے کا بجٹ نا اہلی اور کرپشن کی نذر کر دیا گیا، کراچی میں اربوں روپے سڑکوں کی تعمیر واستر کاری پر خرچ کیے گئے مگر بارش کے بعد کوئی سڑک اچھی حالت میں نہیں، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی۔
Load Next Story