جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے کراچی پولیس چیف کی افسران کو ہدایت

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بنائی گئی مربوط اور ٹھوس حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لے کر ان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور انھیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں کرائم سے متعلق صورتحال اور ان کی روک تھام کے حوالے سے افسران سے تفصیلی معلومات حاصل کی گئیں۔

اجلاس میں تینوں زونل ڈی آئی جیز ، ڈی آئی جی سی آئی اے ، اے ڈی آئی جی پی لیگل ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، ڈسٹرکٹس ایس ایس پیز و انویسٹی گیشن سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔


اس موقع پر کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ انسداد اسٹریٹ کرائم اور قتل سمیت ڈکیتی و رہزنی، منشیات ، گاڑیوں کی چوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور کامیاب ایکشن کیلیے بنائی گئی مربوط اور ٹھوس حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور انھیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

کراچی پولیس چیف نے اہم مقدمات پر پیش رفت اور اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جبکہ انھوں ںے چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور ربیع الاول کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بھی احکام جاری کیے۔

جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس میں کہا کہ تھانوں میں تجربہ کار تفتیشی افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے ، پولیس اسٹیبلشمنٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں جبکہ تھانوں کی تزین و آرائش اور تھانہ کلچر میں بہتری کے اقدامات کو یقینی بھی بنایا جائے ۔

کراچی پولیس چیف نے اجلاس میں پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔
Load Next Story

پاکستان