دبئی سے کراچی آنے والی نجی پرواز 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

نجی ایئر لائن کی دبئی سے کراچی آنے والی پروازمیں عین روانگی کے وقت طیارے کا نوز وہیل(اگلا پہیہ) مڑگیا

فوٹو- فائل

ٹیکسی وے اڑان بھرنے کے آخری مرحلے کے دوران طیارے کے نوز وہیل (اگلاپہیہ)میں تیکنیکی خرابی پیدا ہونے کے سبب ائیربلیو کی دبئی سے کراچی آنے والی پرواز 24 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ائیربلیو کی دبئی سے کراچی آنے والی پروازمیں عین روانگی کے وقت طیارے کا نوز وہیل(اگلا پہیہ) مڑگیا، پروازپی اے 111نے رات 9 بجے کراچی کے لیے دبئی سے اڑان بھرنا تھی۔


ذرائع کے مطابق پروازمیں 110 مسافر پاکستان روانگی کے لیے سوارتھے،تیکنیکی خرابی کے بعد مسافر کو ابتداء میں طیارے سے لاونج جبکہ بعد ازاں صبح 4بجے ہوٹل منتقل کیا گیا، مسافروں نے الزام عائد کیا دوران ہوٹل قیام مسافروں کو بہتر سہولیات مہیا نہیں کی گئیں، ترجمان ائیربلیو کے مطابق پروازپی اے 111کے نوزوہیل میں تیکنیکی خرابی کی وجہ سےطیارہ پاکستان کے لیے روانہ نہ ہوسکا۔

ترجمان ائیربلیو نے بتایا کہ متاثرہ طیارے کے لیے فاضل پرزہ جات پیر کی رات 11بجے کراچی سے روانہ کیے گئےجبکہ پارٹس لےجانے والے طیارے کو دبئی کے ہوٹل میں مقیم مسافروں کو کراچی واپس لانے کے لیے متبادل طیارے کے طور پر استعمال کیا گیا۔
Load Next Story