بجلی 14 روپے سستی کرنے کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کی حکومتوں میں لفظی گولہ باری
سندھ حکومت حسد نہ کرے عوام کو ریلیف دے، عظمیٰ بخاری، ہم حسد کرتے تو آپ حکومت میں نہ ہوتے، سعدیہ جاوید
بجلی 14 روپے سستی کرنے کے معاملے پر پنجاب اور سندھ کی حکومتوں میں لفظی جنگ چھڑ گئی۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پریشان ہے پنجاب نے بجلی کےبلوں میں ریلیف کیوں دے دیا۔
انکا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کی فکرہے، مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آپ حسد نہ کریں ہمت کریں اور سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، عوامی ریلیف کے اقدام پرفضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے۔
حکومت سندھ کی ترجمان سعدیہ جاوید نے پنجاب کی وزیر اطلاعات کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو حسد کرنا ہوتا تو شہباز شریف وزیراعظم نہ ہوتے، وزیر صاحبہ بولنے سے پہلے تول بھی لیا کریں۔
سعدیہ جاوید نے کہا حکومتِ سندھ شعبدہ بازیوں اور شوبازیوں میں یقین نہیں رکھتی، حکومتِ سندھ بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کی روشنی میں عوام کی خدمت کے لیے سرگرم عمل اور صوبے کی عوام کو پائیدار ریلیف دینے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں پر دو مہینوں کا ریلیف دینے والے بتائیں، اس کے بعد کیا ہوگا؟، دو مہینوں کے بعد عوام کو وہی مہنگی بجلی اور اوور بلنگ کے حوالے کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زبان زدِ عام ہے کہ پنجاب حکومت نے آئی پی پیز کو منافع پہنچانے کو عوام کو بجلی بلز میں رلیف کا نام دیا ہے۔