اسلام آباد میں زمینوں کی جعلی بناکر فروخت کرنے والے دو ملزمان گرفتار
گرفتار ہونے والوں میں سی ڈی اے کا سابق اسٹیٹ ممبر افنان بھی شامل، دیگر گرفتاریوں کیلیے چھاپے
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی منی لانڈرنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد کے مختلف اضلاع میں جعلی فائلیں بناکر اراضی فروخت کرنے والے سابق سی ڈی اے ممبر سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایکپسیریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے موضع میں واہ گزار کی گئی 624 کنال اور 8 مرلہ اراضی کی جعلی رپورٹیں بنانے کے معاملے پر سی ڈی اے کے سابق ممبر اسٹیٹ افنان عالم کو ڈیلر جبار سمیت گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم افنان عالم سی ڈی میں بطور ممبر اسٹیٹ تعینات رہا ہے، ملزمان نے سی ڈی اے کے دیگر عملے کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کرتے ہوئے غیر مستحق افراد کو سیکٹر I-15 اسلام آباد میں 62 پلاٹ الاٹ کئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے مجموعی طور پر 1 ارب کا نقصان پہنچایا، اس سے قبل ملزم کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج تھا۔ ملزم افنان عالم نے کرپشن کرتے ہوئے اپنے اور اہلیہ کے نام پر غیر قانونی اثاثے بنائے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق ملزم نے کرپشن سے حاصل کردہ بھاری رقوم سے سیکٹر G14میں پراپرٹیز بنائی۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔