وزیر داخلہ سے نیدرلینڈز کی سفیر کی ملاقات انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر گفتگو

نیدرلینڈز کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کا پلان بھی تیار کر رہے ہیں، محسن نقوی


ویب ڈیسک August 20, 2024
فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس کی ملاقات ہوئی جس میں انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے باہمی تعاون بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر نیدرلینڈز کی سفیر کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیدرلینڈز کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیر داخلہ نے نیدرلینڈز کی نئی حکومت اور اپنی ہم منصب کو مبارکباد بھی دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے دو طرفہ اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانی اسمگلرز ایک بہت بڑا مافیا ہے اور کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، مشترکہ اقدامات ہی انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارگر ہو سکتے ہیں۔ اس ضمن میں اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ملاقات میں افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے۔

اسکے ساتھ، پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین کرکٹ روابط بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ نیدرلینڈز کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کا پلان تیار کر رہے ہیں۔

نیدرلینڈز کی سفیر کی جانب سے محسن نقوی کو صدر ایشین کرکٹ کونسل کے منصب پر نامزدگی پر مبارکباد دی گئی۔

سفیر نیدرلینڈز نے کہا کہ کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کرکٹ میں تعاون کے فروغ سے نیدرلینڈز کی ٹیم کو پاکستان کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں