عباس ٹاؤن کے متاثرین کو نو تعمیر فلیٹوں کی چابیاں دیدی گئیں

چابیاں دینے کی تقریب سے طالب جوہری، فاروق ستار، وقار مہدی کا خطاب

چابیاں دینے کی تقریب سے طالب جوہری، فاروق ستار، وقار مہدی کا خطاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سانحہ عباس ٹاؤن کے بعد انتہائی کم مدت میں تباہ شدہ فلیٹوں کی ازسرنو تعمیر اور ان کے مکینوں کو سپردگی باہمی تعاون کی قابل تقلید مثال ہے۔

یہ بات سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کو ازسرنوتعمیرفلیٹوں کی چابیاں تفویض کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طالب جوہری ،علامہ قاضی احمد نورانی، ڈاکٹرفاروق ستا ر، وقار مہدی، حیدرعباس رضوی، راشدربانی، فیصل سبزواری، سہیل انصاری، علامہ عباس کمیلی، علامہ مرزایوسف حسین، ڈی سی ملیر قاضی جاوید، سینیٹر طاہر مشہدی نے کی،''امیدنو'' کے عنوان سے احباب متاثرین سانحہ عباس ٹاؤن کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں مقررین نے سابقہ صدر مملکت آصف علی زرداری،گورنرسندھ ،وزیراعلیٰ سندھ اور ان تمام ارباب اختیار اور افسران کا شکریہ ادا کیا جن کی انتھک محنت اور مسلسل تعاون سے انتہائی قلیل عرصے میں متاثرین کے فلیٹوں کی ازسرنوتعمیر کا پروجیکٹ مکمل ہوسکا اور تمام مراحل باآسانی طے ہوئے۔


تقریب سے خطاب میں علامہ طالب جوہری نے کہا کہ سانحے کے بعد جس طرح تمام مسالک کے افراد نے مل جل کر موت کی نگری کا منظر پیش کرنے والی بستی کو نئی زندگی دی، یہ مثال اور یہ روش وطن عزیز کے تمام طبقات کو دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ دیتی رہے گی، علامہ قاضی احمد نورانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ الگ بات ہے کہ قوم نے ہمت نہیں ہاری مگر یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ آخر دہشت گردوں کے وہ کون سے سرپرست ہیں جن کی ایما پر منوں اور ٹنوں کی مقدار میں بارود شہر کے اندر پہنچ جاتا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کا دن اس حقیقت کا غماز ہے کہ ہماری قوم میں جینے کی امنگ اور آگے بڑھنے کا جذبہ قائم ہے، وقار مہدی نے کہا کہ سانحہء عباس ٹاؤن کے بعداہل علاقہ کی باہمی کوششوں سے حکومت کو اس علاقے میں زندگی کی روانی بحال کرنے میں بڑی مدد ملی، دیگر مقررین نے بھی دہشتگردی کا متحد ہوکر مقابلہ کرنے اور شہرکی رونقوں کو باقی رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Load Next Story