بنوں مشتعل افراد کا گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا فیڈرز زبردستی آن کرا لیے
مشعل افراد نے گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا بولتے ہوئے فیڈرز زبردستی آن کرا لیے۔
ترجمان پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے مطابق بنوں میں گرڈ اسٹیشن سے روزانہ فیڈرز زبردستی آن کرانے کا سلسلہ تھم نہیں سکا۔ مشتعل مظاہرین نے بنوں گرڈ اور کرم گڑھی گرڈ اسٹیشنز سے فیڈرز زبردستی آن کرا لیے۔
متعدد مظاہرین گزشتہ رات گرڈز میں زبردستی گھسے اور فیڈرز آن کرائے۔ مختلف فیڈرز کے رہائشی جلوس کی شکل میں گرڈ اسٹیشنز میں داخل ہوئے اور گرڈز پر موجود عملے کو زدوکوب کیا اور ڈرایا دھمکایا۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ فیڈرز سے آن کرائے گئے تمام فیڈرز ہائی لاس فیڈرز ہیں۔گزشتہ رات زبردستی ہائی لاس فیڈرز آن کرانے سے پیسکو کو 1کروڑ 44لاکھ کا نقصان ہوا۔
اس موقع پر مظاہرین نے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے 12گھنٹے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پیسکو حکام کی جانب سے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔