برطانیہ میں فیک نیوز پھیلاکر ہنگاموں کا سبب بننے والا ملزم لاہور سے گرفتار

ملزم فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کیلیے کام کرتا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز


ویب ڈیسک August 20, 2024
ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا:فوٹو:سوشل میڈیا

فیک نیوز پھیلا کر برطانیہ میں ہنگاموں میں ملوث ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے ڈیفنس لاہور سے ایک شخص فرحان آصف کو حراست میں لیا ہے۔ فرحان آصف کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے کام کرتا ہے۔ فرحان آصف پر برطانیہ میں 3 بچیوں کے قاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق فیک نیوز کے باعث برطانیہ میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ساؤتھ پورٹ میں ایک ڈانس کلب میں ہونے والے چاقو کے حملے میں تین لڑکیاں ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئی تھیں۔

سوشل میڈیا پر چینل 3 ناؤ Channel3Now کے نام سے ایک ویب سائٹ نے فیک نیوز پھیلائی کہ ڈانس کلب پر ہونے والے حملے میں ملوث حملہ آور مسلمان پناہ گزین ہے جس کا نام علی الشکاتی ہے۔

اس خبر کے بعد انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے عناصر نے فسادات اور پرتشدد مظاہرے شروع کیے تھے۔

بعد میں یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی اور برطانوی میڈیا نے اپنی تحقیقات میں پتہ چلایا کہ Channel3Now کے نام سے ویب سائٹ لاہور سے چلائی جارہی ہے جسے فرحان آصف چلارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔