میرا ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب چرا لیا گیا نیمار

یقین یہ کہ میرے ساتھی کھلاڑی چیمپئن بننے کا خواب حقیقت میں بدلنے کیلیے سب کچھ کریں گے،برازیلین کھلاڑی


AFP July 07, 2014
چیمپئن بننے کا خواب ابھی ختم نہیں ہوا، باقی پلیئرز پوری کوشش کریں گے، انجرڈ اسٹار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

برازیل کے انجرڈ اسٹار نیمار کا کہنا ہے کہ میرا ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا سپنا چرا لیا گیا ہے، چیمپئن بننے کا خواب ختم نہیں ہوا، میرے ساتھی کھلاڑی باقی دونوں مقابلوں میں بھی میدان سر کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے برازیلین فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کیا۔ کوارٹر فائنل میں کولمبیا کے ڈیفینڈر جوآن زونیگا نے نیمار کی کمر کی ایک ہڈی توڑ دی تھی جس کیو جہ سے وہ باقی ورلڈ کپ سے باہر ہوچکے ہیں، نیمار نے کہا کہ انھوں نے میرا ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کا خواب چرا لیا ہے، مگر ابھی میرا چیمپئن بننے کا خواب باقی ہے، زندگی آگے چلتی رہتی ہے اور مجھے پورا یقین یہ کہ میرے ساتھی کھلاڑی چیمپئن بننے کا خواب حقیقت میں بدلنے کیلیے سب کچھ کریں گے، میرا بھی خواب تھا کہ میں ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلوں جوکہ اس بار میں پورا نہیں کرپایا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز نیمار بھی ٹیم کے ہمراہ ٹریسوپولس میں قائم ٹریننگ سینٹر منتقل ہوئے تھے جہاں پر ساتھی کھلاڑیوں نے انتہائی جذباتی انداز میں انھیں الوداع کہا جس کے بعد انھیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریوڈی جنیرو پہنچا دیا گیا۔ دلچسپ بات یہ کہ میچ کے دوران نیمار کو گہری چوٹ پہنچنے کے باوجود اسپیشن ریفری کارلوس ویلاسکو ٹس سے مس نہیں ہوئے تھے، انھوں نے زونیگا کو یلو کارڈ تک نہیں دکھایا تھا تاہم فیفا اس بارے میں تحقیقات کررہا اور اس کی جانب سے کوئی ایکشن لیا جاسکتا ہے، دوسری جانب زونیگا اسے کھیل کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں