وزیراعظم سے میٹا وفد کی ملاقات ‘متعلقہ حکام کو مسائل حل کرنے کی ہدایت’

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک August 20, 2024
وزیراعظم شہاز شریف سے میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کی قیادت میں5 رکنی وفد نے ملاقات کی—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے میٹا وفد کو ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں استعداد سے آگاہ کیا اور متعلقہ حکام کو میٹا سے متعلق تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے نائب صدر برائے ایشیا پیسیفک سائمن ملنر کی قیادت میں میٹا کے 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے شہباز شریف وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیا پیسیفک میں اپنی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا اور بریفنگ میں بتایا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں اطراف نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، تانیہ ایدروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں