عمرہ ویزے کیلیے 50 سے 90 ہزار غیر قانونی فیس کی وصولی کا انکشاف

سعودی سفارتخانے کی جانب سے مفت جاری کیے جانے والے عمرہ ویزا کے عوض فی کس 50 سے 90 ہزار روپے وصول کیے جارہے ہیں


Adil Jawad July 07, 2014
سعودی وزارت کے ٹور آپریٹرز ویزا پروسیسنگ فیس کامطالبہ کرتے ہیں، پاکستانی ایجنٹ کا دعویٰ فوٹو: فائل

عمرہ ویزا کے نام پر شہریوں سے بڑے پیمانے پرلوٹ مارکا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی سفارتخانے کی جانب سے مفت جاری کیے جانے والے عمرہ ویزا کے عوض فی کس50سے 90ہزار روپے وصول کیے جارہے ہیں۔

شہرکی نامورٹریول ایجنسیاں سعودی ٹورآپریٹرز کے نام پرماہانہ کروڑوں روپے شہریوں سے وصول کررہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کی زیارت اور عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے والے سادہ لوح شہری بھی لوٹ مار اور منافع خوروں سے محفوظ نہیںہیں۔ عمرے کی غرض سے سعودی عرب جانیوالے مسلمانوںمیں پاکستان سرفہرست سمجھاجاتا ہے۔ ہرسال لاکھوںپاکستانی عمرے کی غرض سے پاک سر زمین کا سرخ کرتے ہیں۔

سعودی وزارت حج کی جانب سے لائسنس یافتہ ٹورآپریٹرز کے توسط سے آنے والی درخواستوں پر عمرہ ویزا کی منظوری دی جاتی ہے جس کے بعدسعودی سفارتخانے اور قونصل خانے عمرہ ویزا جاری کرتے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے جاری عمرہ ویزا پر واضح طورپر درج ہوتاہے کہ عمرہ ویزاسعودی حکومت بغیر کسی فیس کے جاری کرتی ہے۔ لیکن پاکستان میں کام کرنے والی کم وبیش تمام ٹریول ایجنسیاں پروسیسنگ فیس کے نام پرعمرہ ویزاکی درخواست دینے والے ہرشخص سے رجب کے مہینے تک 3سو سعودی ریال(تقریباً8 ہزارروپے) وصول کرتی ہیںاور جوںہی شعبان کامہینہ شروع ہوتاہے۔ غیرقانونی ویزافیس میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔

رواں سال ملک بھر کی نامورٹریول ایجنسیوں نے رجب شعبان کے مہینے میں عمرہ ویزا کی فیس35سے 55 ہزار روپے مقرر کردی تھی اوررمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی فیس90ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ میٹروپول ہوٹل میںواقع ایک نامورٹریول ایجنسی کی جانب سے 15روز کے عمرہ ویزاکی فیس90ہزار روپے وصول کی جارہی ہے جبکہ شہرکی دیگرٹریول ایجنسیاں بھی اسی فارمولے پرعمل کررہی ہیں۔ چنددن قبل سعودی سفارتخانے کی جانب سے ایک اعلامیے جاری کیاگیا تھاجس میں ایک مرتبہ پھروضاحت کی گئی تھی کہ عمرہ ویزاکی کوئی فیس نہیں ہے۔

شہر کی ایک اہم ٹریول ایجنسی سے وابستہ شخص نے بتایا کہ سعودی حکومت ایک جانب تو یہ اعلان کرتی ہے کہ وہ عمرہ ویزا بغیر کسی فیس کے جاری کیا جاتا ہے دوسری جانب سعودی وزارت حج کے لائسنس یافتہ ٹورآپریٹرز عمرہ ویزاپروسیسنگ فیس کامطالبہ کرتے ہیں۔ اگر پاکستانی ٹریول ایجنٹ انھیں فیس کی ادائیگی نہ کریںتو ان کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواستوںپر ویزاجاری نہیںکیا جاتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں