نادیہ افگن کا خلیل الرحمان قمر کیساتھ کام کرنے سے انکار

اداکارہ نے اپنی زندگی کے مشکل ترین فیصلے کے بارے میں بتا دیا


ویب ڈیسک August 21, 2024
نادیہ افگن نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی : فوٹو : ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ وہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتیں۔

حال ہی میں نادیہ افگن نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی زندگی سمیت کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔

میزبان نے نادیہ افگن سے سوال کیا کہ آپ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کس کے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہتیں؟

اس سوال کا جواب دینے سے قبل نادیہ افگن نے کہا کہ مجھ سے جب بھی کسی شو میں اس طرح کا کوئی سوال کیا جاتا ہے تو میں فوراََ بلاجھجھک جواب دے دیتی ہوں جس پر مجھ سے سینیئر اداکارائیں کہتی ہیں کہ ایسے جواب دینے سے گریز کیا کرو۔

اداکارہ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا جواب خلیل الرحمان قمر صاحب ہیں، میں نے کبھی خلیل صاحب کے ساتھ کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مستقبل میں اُن کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔

اس کے علاوہ میزبان نے اداکارہ سے اُن کی زندگی کے مشکل ترین فیصلے کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر نادیہ افگن نے کہا کہ بچے پیدا نہ کرنا میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا۔

نادیہ افگن نے کہا کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے دو بار میرا حمل بھی ضائع ہوگیا تھا، میں نے بہت علاج بھی کروایا لیکن بدقسمتی سے میرا علاج کامیاب نہ ہوسکا۔

اداکارہ نے کہا کہ حمل ضائع ہونے کی وجہ سے میری ذہنی و جسمانی صحت شدید متاثر ہوئی، بہت کوششوں کے باوجود بھی اولاد کی نعمت سے محروم رہی، پھر میں نے اور میرے شوہر نے اللہ تعالیٰ کی رضا سمجھتے ہوئے اولاد کے بغیر ہی زندگی کا گزارنے کا فیصلہ کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں میرے شوہر نے میرا بہت ساتھ دیا اور وہ میرے ہر فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے میرے ساتھ کھڑے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں