190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم امتناع ختم

نیب نے 190 ملین پاؤنڈ کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پی ٹی آئی کو فراہم کردیا


ویب ڈیسک August 21, 2024
نیب نے 190 ملین پاؤنڈ کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پی ٹی آئی کو فراہم کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا۔

ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس بند کرنے کی دستاویز فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

نیب نے القادر ٹرسٹ کیس بند کرنے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا جس کی نقول بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو بھی فراہم کردی۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس؛ ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روک دیا گیا

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے بانی پی ٹی آئی کی دستاویزات فراہمی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کا حتمی فیصلہ نہ سنانے کا حکم امتناع ختم کردیا۔

واضح رہے کہ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا تھا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نیب القادر ٹرسٹ کیس کو بند کرچکا تھا لیکن پھر دباؤ پر یہ کیس دوبارہ کھلوایا گیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے القادر ٹرسٹ کی مکمل انکوائری کرکے فیصلہ کیا تھا کہ اس کیس کا کوئی جواز نہیں بنتا لہذا انکوائری بند کردی جائے۔ اس وقت کے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کیس دوبارہ کھولنے کےلیے دباؤ قبول نہیں کیا اور استعفیٰ دے دیا۔ ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل بھی استعفیٰ دے گئے۔‏

پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ سے نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دی، مگر ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کردی جس پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں