لاہور برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات میں ملوث ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور

ملزم نے ویب سائٹ کو مشہور کرنے کیلیے فیک نیوز کا سہارا لیا، انٹرنیشنل ادارے کی صحافی نے اس سے ملنا چاہا تو غائب ہوگیا

(فوٹو : فائل)

برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات میں ملوث ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات کے معاملے میں لاہور سے گرفتار کیے گئے ملزم فرحان آصف کو ایف آئی اے نے لاہور کی ضلعی عدالت میں پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرحان آصف کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ جج نے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ ملزم سے جلد اَز جلد تفتیش مکمل کی جائے۔


ایف آئی اے نے ملزم کا چودہ دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعہ 9 اور 10 اے کے تحت درج کیا گیا۔

لاہور سے گرفتار کیا گیا 31 سالہ ملزم فرحان آصف دو بچوں کا باپ اور ڈیفنس فیز فور کا رہائشی ہے۔ فرحان آصف کے بھائی کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے۔

ذرائع کے مطابق فرحان نے ویب سائٹ کے لیے اپنی ایک ٹیم بھی بنا رکھی تھی، ملزم کا لیپ ٹاپ سائبر کرائم نے فرانزک کے لیے بھجوا دیا، ملزم نے ویب سائٹ کو مشہور کرنے کے لیے فیک نیوز کا سہارا لیا، ملزم اب تک بیرون ملک صرف سعودی عرب جا چکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم کے موبائل میں متعدد یوٹیوبرز کے نمبرز بھی ملے، انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کی خاتون صحافی نے بھی فرحان آصف سے ملنے کی بھرپور کوشش کی، خاتون صحافی کے بار بار اصرار پر فرحان آصف روپوش ہوگیا تھا، ملزم فرحان آصف نے کمپیوٹر سائنس میں ماسٹر کررکھا ہے۔
Load Next Story