پنجاب بھر میں 3 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ

دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں جلسہ جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی ہوگی، ترجمان محکمہ داخلہ

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا—فوٹو: فائل

حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی، جس کا اطلاق 22 اگست سے ہوگا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور پنجاب بھر میں جلسہ جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ نے صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، پابندی کا اطلاق جمعرات 22 اگست سے ہفتہ 24 اگست تک ہوگا۔


ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔
Load Next Story