واٹس ایپ کا یوزر نیم فیچر پر کام جاری
فیچر صارفین کی پرائیویسی میں ایک اضافی جہت شامل کرنے میں مدد دے گا
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کے فون نمبروں کو یوزر نیم سے تبدیل کرنے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین کی پرائیویسی میں ایک اضافی جہت شامل کی جا سکے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے متعلق پہلے ہی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ یوزر نیم کے لیے سپورٹ شامل کر رہا ہے۔
تاہم، میسجنگ پلیٹ فارم 'پن' پر بھی کام کر رہا ہے جس کے بعد نامعلوم صارفین آپ کو ٹیکسٹ نہیں کر سکیں گے، صرف اس وجہ سے کہ ان کے پاس آپ کا یوزر نیم ہونا ہے۔ آپ کو ٹیکسٹ کرنے کے لئے انہیں آپ کا 'یوزر نیم پن' رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔ یہ پن 4 ہندسوں کا کوڈ ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ بیٹا کے تازہ ترین ورژن (2.24.18.2) میں دیکھا گیا۔ توقع ہے کہ اس فیچر سے پرائیویسی میں اضافہ ہوگا، کیونکہ جن صارفین کے ساتھ آپ نے واٹس ایپ پر کبھی بات چیت نہیں کی ہے وہ آپ کو ایسے ہی ٹیکسٹ نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے کب متعارف ہوگا یا نہیں۔
رپورٹ میں اشارہ دیا گیا کہ اس فیچر کے سال کے اختتام سے پہلے عوام کے لئے متعارف کیے جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو اپنی رازداری کے تجربے کا انتظام کرنے میں زیادہ لچک فراہم کرے گا ۔
تاہم، واٹس ایپ صارفین کو یہ اختیار دے گا کہ وہ چاہیں تو اسے آن رکھیں یا آف کردیں۔