شام اور عراق کے ایک بڑے رقبے پر اسلامی ریاست کے قیام کا اعلان کرنے والی تنظیم "داعش" نے عراقی شہر موصل سے اسلامی ریاست کا اپنا پاسپورٹ جاری کردیا۔
عرب نیوز کے مطابق داعش نے 4 جولائی کو عراقی شہر موصل سے اپنا پاسپورٹ جاری کیا ہے ۔ داعش کی ریاست کی جانب سے جاری پاسپورٹ پر"خلافت اسلامیہ" کے الفاظ درج ہیں جس کے ایک طرف "داعش " کا پرچم بھی بنایا گیا ہے۔ پاسپورٹ موصل شہر میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ آفس میں تیار کیا گیا جسے تنظیم نے شام اور عراق کے مختلف شہروں میں کم سے کم 11 ہزار افراد کو جاری بھی کردیا۔
رپورٹ کے مطابق2011ء میں عراقی سیکیورٹی فورسز نے اسی پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مار کر متعدد افراد کو حراست میں لے لیا تھا اور اسی دفتر سے داعش آئندہ ہفتے قومی شناختی کارڈ بھی جاری کرے گی جس کی روشنی میں شہریوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلامک فرنٹ کی شرعی کونسل کے چیئرمین الشیخ ابو عبدالملک نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ " داعش" کی موجودہ شان وشوکت اور اس کی فتوحات عارضی ہیں، فی الوقت یہ ریاست ہوا میں معلق ہے جو کسی بھی سقوط کا شکار ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی خلافت کا قیام بری بات نہیں بلکہ عبادت ہے مگر داعش اور اس کے حامی گروپ اسلامی خلافت کے احیاء کی بات کرتے ہیں لیکن یہ کیسی خلافت ہے جس میں کوئی شوریٰ نہیں جبکہ خلاف اسلامیہ کا پہلا قدم شورائی نظام کا قیام ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ داعش شام اور عراق دونوں ممالک میں مزید پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے اور جمعہ کے روز داعش کے جنگجوؤں نے شامی شہر حلب کے مشرقی علاقے جرابلس کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے بعد حلب کے شمالی مشرق میں واقع بڑے شہر 'عین العرب' کی طرف پیش قدمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔