لاہور میں اسکول ٹائم و چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات

عمارہ اطہر نے اسکول و کالجز کے باہر ریڑھی اور ٹھیلے لگانے سے سختی سے منع کر دیا ہے

(فوٹو: ویب ڈیسک ایکسپریس)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکول و کالجز کے باہر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اسکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات کرنے حکم دے دیا۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اسکول و کالجز اوقات میں ٹریفک کے موثر بہاؤ کے لئے مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقعہ 2 سو سے زائد اسکولوں کے بایر وارڈنز تعینات کر دیئے ہیں۔

شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹ و پٹرولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ عمارہ اطہر نے اسکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں رہنے کا حکم دے دیا ہے۔


رپورٹس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ پر اضافی پٹرولنگ افسران تعینات، جبکہ علاقہ اقبال روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے اپنے ویڈیو بیان میں سرکل افسران کو اسکول و کالج انتظامیہ سے میٹنگ کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ چھٹی کے اوقات میں صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی، ڈبل پارکنگ کی صورت میں کارروائی کی جائے۔

عمارہ اطہر نے اسکول و کالجز کے باہر ریڑھی اور ٹھیلے لگانے سے سختی سے منع کر دیا ہے، اور ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ اسکول و کالجز، یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی لیکچرز کا شیڈول مرتب کیا جائے گا۔
Load Next Story