اٹک نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ 2 طالبات جاں بحق ڈرائیور سمیت 6زخمی
فائرنگ سے 5 بچے اور وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا
ماڈل پولیس اسٹیشن صدر اٹک کی حدود میں کالا چٹا پہاڑ کے دامن میں واقع گاؤں ڈھیری کوٹ میں نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کر دی جس کے باعث 2 طالبات جاں بحق ہوگئیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق فائرنگ سے 5 بچے اور وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اٹک منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام بچوں کی عمر 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں، نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او اٹک نے فوری طور پر پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کروا دیا۔
ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وین ڈرائیور پر حملہ کیا جس کی زد میں آکر دو طالبات جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 6 طالب علم زخمی ہوئے۔ پولیس فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے اور واقعے کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔