والد اور دادا میرے شوبز میں آنے کے حق میں نہیں تھے لائبہ خان

اداکارہ کا حافظِ قرآن ہونے کا انکشاف

لائبہ خان کا کیریئر بنانے میں والدہ نے اہم کردار ادا کیا : فوٹو : انسٹاگرام

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں، جس کی وجہ سے اُن کے والد اور دادا اُن کے شوبز میں آنے کے حق میں نہیں تھے۔

لائبہ خان نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے اپنے والدین کی خواہش پر 7 سال کی عُمر میں حفظ شروع کیا تھا اور اللہ کے فضل و کرم سے 9 سال کی عُمر میں حفظ مکمل کرکے حافظہ بن گئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے حفظ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اسکول میں داخلہ لیا اور چھٹی جماعت سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا۔


اُنہوں نے کہا کہ جس وقت میں نے میٹرک کیا تو اُس دوران میری چھوٹی بہن اداکارہ ایمان شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کرچکی تھی، میں اپنی والدہ کے ہمراہ چھوٹی بہن کی شوٹنگ کے سیٹ پر چلی جاتی تھی۔

لائبہ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک روز بہن کے سیٹ پر کاسٹنگ ہیڈ نے مجھے اداکاری کی پیشکش کی، پہلے تو میں نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن پھر بعد میں راضی ہوگئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے حفظ کیا ہوا تھا، اسی وجہ سے میرے والد اور دادا کو میرا شوبز میں آنا پسند نہیں تھا، کیریئر کی شروعات میں والد مجھ سے بات نہیں کرتے تھے، ہر وقت غصے میں رہتے تھے اور میرے ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس دوران، میری والدہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور میرے والد، دادا کو بھی میرے کیریئر سے متعلق راضی کیا۔
Load Next Story